کل جدید سہولیات سے آراستہ 103 امرت بھارت اسٹیشنوں کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس کیلئے سبھی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی، راجستھان میں بیکانیر سے ان اسٹیشنوں کا افتتاح کریں گے۔ اِن اسٹیشنوں کو سٹی سینٹرز کے طور پر امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت جدید طرز پر ڈھالا گیا ہے، تاکہ علاقائی ثقافت اور وراثت کی عکاسی ہوسکے۔ جناب مودی 26 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹ ملک کے نام وقف کریں گے۔ ان میں ریلویز، روڈویز، بجلی، پانی اور نئی اور قابل تجدید توانائی کے شعبے شامل ہیں۔
یہ امرت بھارت اسٹیشن 18 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے 86 ضلعوں میں واقع ہیں۔ سب سے زیادہ 19 اسٹیشنوں کا افتتاح اترپردیش میں کیا جائے گا، جبکہ گجرات میں 18 اور مہاراشٹر میں 15 اسٹیشنوں کا افتتاح ہوگا۔ تمل ناڈو میں 9 امرت بھارت اسٹیشنوں کا افتتاح کیا جائے گا۔