ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

June 29, 2025 3:07 PM

printer

وزیراعظم نریندرمودی نے زور دے کرکہا کہ صحت سے لے کر سماجی تحفظ تک ملک ہرشعبے میں آگے بڑھ رہا ہے، جس سے سماجی انصاف کی شاندار تصویر کی عکاسی ہوتی ہے

وزیراعظم نریندرمودی نے زور دے کر کہاہے کہ صحت سے لے کر سماجی تحفظ تک ملک ہر شعبے میں صد فی صد تکمیل کے احساس کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، جو سماجی انصاف کی ایک شاندار تصویر بھی ہے۔ آج آکاشوانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جناب مودی نے بین الاقوامی لیبر تنظیم ILO کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بیشتر لوگوں کو سماجی تحفظ اسکیم کا کوئی نہ کوئی فائدہ ضرور مل رہا ہے۔

وزیراعظم نے بھارت سے Trachoma کے خاتمے کے بارے میں عالمی صحت تنظیم WHO کے اعلان کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ اُن لاکھوں لوگوں کی محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے رُکے بغیر انتھک اِس بیماری سے مقابلہ کیا۔

ایمرجنسی کی بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ عوام کی شمولیت کی طاقت کے ساتھ بڑے سے بڑے بحران کا سامنا کیا جاسکتا ہے اور یہ عوام کی طاقت ہی تھی کہ نہ تو وہ جھکے، نہ ٹوٹے اور نہ ہی انہوں نے جمہوریت کے ساتھ کسی طرح کے سمجھوتے کو قبول کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ کچھ دن پہلے ہی ملک پر ایمرجنسی مسلط کیے جانے کے 50 سال مکمل ہوئے ہیں اور ہموطنوں نے سمودھان ہتیہ دوس منایا۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک کو اُن سبھی افراد کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے ایمرجنسی کا ڈٹ کا مقابلہ کیا کیونکہ اِس سے انہیں آئین کو مضبوط بنائے رکھنے کے لیے لگاتار مستعد رہنے کی ترغیب ملے گی۔

یوگ کے بین الاقوامی دن کا تذکرہ کرتے ہوئے، جو اس مہینے کی 21 تاریخ کو منایا گیا، جناب مودی نے کہا کہ ملک اور دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں نے اِس میں حصہ لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب زیادہ سے زیادہ لوگ یوگ کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں اپنا رہے ہیں۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ اس بار کا موضوع بھی بہت خاص تھا: ”ایک کرہئ ارض، ایک صحت کے لیے یوگ“۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک سمت ہے جو لوگوں کو وسودھیو کٹمبکم کے جذبے کا احساس کراتی ہے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے خواتین کی زیرقیادت ترقی کی بھی بات کی اور کہا کہ یہ بھارت کے لیے ایک نیا مستقبل سنوارنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ ملک کی خواتین نہ صرف خود کے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک نئی سمت طے کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے دھارمک یاتراؤں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیلاش مانسروور یاترا، امرناتھ یاترا اور جگن ناتھ رتھ یاترا کا ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ شمال سے جنوب تک، مشرق سے مغرب تک، یہ یاترائیں ”ایک بھارت، شریشٹھ بھارت“ کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے مہینے بھگوان بدھ کے پوتر باقیات کو بھارت سے ویتنام لے جایا گیا اور وہاں نو مختلف مقامات پر عوام کے درشن کے لیے رکھا گیا۔

جناب مودی نے کہا کہ ایک طرح سے بھارت کی یہ پہل ویتنام کے لیے ایک قومی تہوار بن گیا۔

ماحولیات کے عالمی دن کے بارے میں، جو اس مہینے منایا گیا، وزیراعظم نے احمدآباد میونسپل کارپوریشن کی

 ”Mission for Million Trees“ مہم کا تذکرہ کیا، جہاں لاکھوں درخت لگانے کا نشانہ رکھا گیا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ اِس مہم کی ایک خاص بات سندور ون ہے، جو آپریشن سندور کے جانبازوں کے لیے وقف ایک جنگل ہے۔×