وزارت دفاع نے سال 2025 کو اصلاحات کا سال قرار دیا ہے، تاکہ دفاعی شعبے میں موجودہ اور مستقبل سے متعلق اصلاحات پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔ نئے سال کے موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزارت دفاع کے سبھی سکریٹری صاحبان کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی، جس میں مختلف اسکیموں، پروجیکٹوں اور اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ جناب سنگھ نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ اصلاحات کا یہ سال مسلح افواج کی جدید کاری کے سفر میں ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی دفاعی تیاری میں غیر معمولی پیش قدمی کیلئے بنیاد فراہم کرے گا۔
ان اصلاحات کے تحت اس بات پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ مسلح افواج کو تکنیکی اعتبار سے پوری طرح لیس اور کثیر رُخی جامع کارروائیوں کیلئے باصلاحیت فورس کے طور پر تیار کیا جائے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے مختلف اہم شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں 2025 میں مخصوص اقدامات کئے جائیں گے۔×