واشنگٹن میں، بھارتی سفارتخانے نے اُن بھارتی شہریوں کی مدد کے لیے ایمرجنسی نمبر جاری کیے ہیں، جنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے، H-1B ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر کی سالانہ فیس کے اعلان کے بعد فوری مدد کی ضرورت ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بھارتی سفارتخانے نے کہا ہے کہ جن بھارتی شہریوں کو ہنگامی مدد کی ضرورت ہے، وہ اِس نمبر پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔
پلَس ایک – دو صفر دو – پانچ پانچ صفر – نو نو تین ایک
اسی دوران بھارتی حکومت نے اپنے سبھی مشنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اُن بھارتی شہریوں کی ہر ممکن مدد کریں، جنہیں اگلے 24 گھنٹے کے دوران امریکہ واپس آنا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے، ایک اعلامیے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت H-1B ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ امریکی ڈالر کی سالانہ فیس عائد کی گئی ہے۔
امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے وضاحت کی ہے کہ یہ اضافہ شدہ فیس، H-1B ویزا کی صرف تازہ درخواستوں پر عائد ہوگی نہ کہ اُن لوگوں پر جن کے پاس یہ ویزا پہلے سے ہے یا جو اپنے ویزا کی تجدید کرا رہے ہیں۔
اِس قدم سے بھارت کے تکنیکی پیشہ ور افراد اور اِن کی آمدنی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
جن لوگوں کے پاس H-1B ویزا ہے، اُن میں سے تقریباً 71 فیصد لوگ بھارتی شہری ہیں۔×