آج نیتاجی سبھاش چندر بوس کے 128ویں یومِ پیدائش کے موقع پر، اُن کی اقدار کے احترام میں پراکرم دِوس 2025 منایا جارہا ہے۔ صدرِ جمہوریہ، نائب صدرِ جمہوریہ اور وزیر اعظم نے اِس موقع پر نیتاجی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا پیغام میں صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ نیتاجی، بھارت کی جدوجہدِ آزادی میں سب سے زیادہ مصمم ارادے اور تحریک دینے والی شخصیتوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے تئیں، اُن کے مسلسل عزم اور آزاد ہند فوج کی، اُن کی حوصلہ مند قیادت سے، بھارت کی آئندہ نسلوں کو جذبہ حاصل ہوتا رہے گا۔
نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غیرملکی حکمرانی سے بھارت کو آزاد کرنے کے تئیں، نیتاجی کی شجاعت، وطن پرستانہ جذبہ اور اُن کا یادگار تعاون، بے شمار بھارتیوں کو تحریک فراہم کرتا رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی آزادی کی تحریک میں نیتاجی سبھاش چندر بوس کا تعاون بے مثال ہے۔ آج ہم، اُس بھارت کی تعمیر کے تئیں کام کررہے ہیں، جس کا تصور انہوں نے کیا تھا، لہٰذا، اُن کی دوراندیشی، ملک کو جذبہ فراہم کرتی رہے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئی دلّی میں سنویدھان سدن کے مرکزی ہال میں نیتاجی کو گلہائے عقیدت بھی نذر کئے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور دیگر رہنماؤں نے بھی انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نے اِس موقع پر موجود اسکول طلباء سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے آج اِس موقع پر نیتاجی سبھاش چندر بوس سے تحریک حاصل کرتے ہوئے، دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کے، ملک کے عزم کو دوہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو ترقی یافتہ بھارت کا مقصد حاصل کرنے کی جانب زبردست کام کرنا چاہیئے۔
نیتاجی سبھاش چندر بوس کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ لوگوں کو نیتاجی کی طرح اپنی آرام دہ زندگی سے باہر آکر استعداد پر توجہ دیتے ہوئے، مہارت حاصل کرنی چاہیئے، جنہوں نے ملک کی آزادی کیلئے چیلنجوں کو گلے لگایا تھا۔
وزیر اعظم نے ملک کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو، اُن لوگوں سے خبردار رہنا چاہیئے، جو ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ نیتاجی سبھاش چندر سے جذبہ حاصل کرتے ہوئے، جو کام کئے گئے ہیں، اُن کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ اُن کی حکومت نے نیتاجی کی یاد میں لال قلعہ میں ایک میوزیم قائم کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیتاجی کا مجسمہ، انڈیا گیٹ کے قریب قائم کیا گیا ہے اور انڈمان و نکوبار میں ایک جزیرے کا نام بھی نیتاجی سبھاش چندر بوس کے نام پر رکھا گیا ہے۔