روہنی سیٹ سے BJP کے قانون ساز اسمبلی کے رکن وجیندر گپتا کو نوتشکیل شدہ دہلی قانون ساز اسمبلی کا نیا اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔ نوتشکیل شدہ دلّی اسمبلی کے پہلے دن انھیں اتفاق رائے سے منتخب کیا گیا۔ ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے بھی آج حلف لیا۔
خوبصورت پھولوں اور سجاوٹی سازوسامان کے ساتھ اسمبلی نے نئے منتخبہ ممبروں کا خیرمقدم کیا۔ عبوری اسپیکر اروندر سنگھ لَولی نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور اُن کے کابینہ رفقاء، ساتھ ہی ساتھ عام آدمی پارٹی کی MLA آتشی سمیت نئے منتخبہ ممبروں کو عہدے کا حلف دلایا۔ MLAs نے ہندی، انگریزی، اردو، سنسکرت اور میتھلی سمیت مختلف زبانوں میں عہدے کا حلف لیا۔
اجلاس کے پہلے دن ایوان میں شور و غل کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ اسپیکر کے انتخاب کے کچھ دیر بعد اپوزیشن عام آدمی پارٹی نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور بھگت سنگھ کی تصویریں وزیر اعلیٰ کے چیمبرس سے مبینہ طور پر ہٹائے جانے پر اعتراض ظاہر کیا۔
بعد میں BJP نے دلّی کے وزیر اعلیٰ اور شہر کے وزیروں کے چیمبرس کی، اُن تصویروں کو دکھایا، جس میں مہاتما گاندھی، بھگت سنگھ، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویریں دیواروں پر دیکھی جاسکتی ہیں۔
اِس دوران دلّی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اِسے عام آدمی پارٹی کا بدعنوانی اور اُس کے غلط کاموں سے توجہ ہٹانے کا ایک حربہ قرار دیا۔
دلّی کے اسپیکر وِریندر گپتا نے کہا کہ ایوان ضابطوں کے مطابق چلے گا اور اپوزیشن پر، اِس بات کیلئے زور دیا کہ وہ عوام کی بہبود کیلئے بات چیت میں حصہ لے۔
لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کَل ایوان سے خطاب کریں گے۔ سابقہ حکومت کے کام کاج پر CAG رپورٹ بھی کَل ہی پیش کی جائے گی۔ تین روزہ اجلاس اِس مہینے کی 27 تاریخ تک جاری رہے گا۔
Site Admin | February 24, 2025 9:33 PM
نو تشکیل شدہ دلّی قانون ساز اسمبلی نے BJP کے MLA وجیندر گپتا کو اتفاق رائے سے اسپیکر منتخب کرلیا ہے