نائب صدر کے عہدے کا چناؤ آج ہونے والا ہے۔ اِس چناؤ میں NDA کے امیدوار اور مہاراشٹر کے گورنر سی۔پی۔رادھاکرشنن کا سامنا آئی-این-ڈی-آئی-اے بلاک کے امیدوار اور سپریم کورٹ کے سابق جج بی-سدرشن ریڈی سے ہوگا۔ اِس سال جولائی میں جناب جگدیپ دھنکھڑ کے مستعفی ہونے کی وجہ سے یہ چناؤ کرایا جا رہا ہے۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل ایک الیکٹورل کالج نائب صدر کا انتخاب کرتا ہے۔ نائب صدر کا چناؤ متناسب نمائندگی کے نظام کے تحت ہوتا ہے اور اس میں ووٹنگ خفیہ Ballot کے ذریعے کرائی جاتی ہے۔ الیکٹورل کالج کے ارکان اپنی پسند یا خواہش کے مطابق ووٹ دے سکتے ہیں اور وہ اِس کے لیے کسی پارٹی وہپ کے پابند نہیں ہوتے۔ نائب صدر کے عہدے کے چناؤ میں ڈالے گئے ہر ووٹ کی قدر یکساں ہوتی ہے۔ سرِ دست لوک سبھا میں 542 ارکان ہیں جبکہ راجیہ سبھا میں ارکان کی تعداد 239 ہے۔ اِس طرح نائب صدر کے عہدے کے اِس چناؤ میں 781 ارکان ووٹ دینے کے مجاز ہیں اور اکثریت کے لیے 391 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔ ووٹنگ صبح دس بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی شام چھ بجے سے ہوگی۔ پہلی مرتبہ نائب صدر کے عہدے کا چناؤ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں ہو رہا ہے۔