نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے آج کہا ہے کہ بھارت سبھی کی شمولیت والی ترقی اور ملک کی کایہ پلٹ کیلئے مصنوعی ذہانت AI سے متعلق پالیسیاں اور مشن تشکیل دینے میں، عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرگرم ملکوں میں سے ایک بن کر اُبھرا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے یہ بات نئی دلّی ایک قومی کانفرنس ”AI کا ارتقا – AI کا مہا کمبھ“ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب رادھا کرشنن نے خاص طور پر کہا کہ AI، اسکولوں اور کالجوں میں نصاب کا لازمی حصہ ہونا چاہیے اور AI سے جلد واقفیت، طلبا کو Critical Thinking اور مسائل کے حل تلاش کرنے کے ہنر سے آراستہ کرتی ہے۔
جناب رادھا کرشنن نے یہ بھی کہا کہ ”بھارت AI مشن“ کا 10 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ بجٹ سے آغاز کیا گیا ہے، جس سے AI کی طاقت سے فائدہ اُٹھانے کے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔