نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا ہے کہ بھارت، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، 2047 تک وِکست بھارت بننے کے اپنے سفر کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے ایک ترقی یافتہ، خود کفیل اور پُر اعتماد بھارت کی تعمیر کا ایک پُر عزم اور قابلِ حصول نشانہ مقرر کیا ہوا ہے۔ جناب رادھا کرشنن کَل پنجاب میں جالندھر کے قریب پھگواڑہ میں لَولی پروفیشنل یونیورسٹی کی تقسیمِ اسناد کی سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت، ایک عالمی سُپر پاور بننے کیلئے کام کر رہا ہے، نہ کہ چھوٹے ملکوں کو ہدایتیں دینے یا دوسروں سے ہدایتیں حاصل کرنے کیلئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب برابر اور بنی نوع انسان ہیں اور ہمیں مجموعی طور پر انسانیت کی خدمت کیلئے کام کرنا چاہیے۔
جناب رادھا کرشنن نے نشیلے مادّوں کے غلط استعمال کی بڑھتی ہوئی لعنت کے بارے میں کہا کہ یہ ایک گہری تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ نشیلی اشیاء کا استعمال خود بھی ترک کریں اور اپنے دوستوں کی بھی اس لعنت کا شکار ہونے سے بچنے میں مدد کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی کوششیں سماج کیلئے ایک اہم تعاون ہوں گی۔
نائب صدر جمہوریہ نے آپریشن سندور کے دوران یونیورسٹی کے رول کو بھی سراہا۔
اس تقریب میں نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن اور برطانیہ کی سابق وزیر اعظم Mary Elizabeth Truss مہمانِ خصوصی تھیں۔ انہوں نے طلبا کو ڈگریاں عطا کیں۔×