December 1, 2025 9:53 PM

printer

نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے راجیہ سبھا کے صدر نشیں کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ انھوں نے ممبران پر آئین کی بالادستی اور ضابطوں کی پابندی پر زور دیا ہے

ایوانِ بالا کے صدر نشیں کی حیثیت سے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ارکان پر آئین کے وقار کو برقرار رکھنے اور متعلقہ ضابطوں کی پابندی کرنے پر زور دیا اور پارلیمانی طرز عمل کیلئے لکشمن ریکھا بنانے کیلئے کہا۔ پہلے دن صدر نشیں سی پی رادھا کرشنن کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایک عام پس منظر سے وابستہ شخص کی نائب صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز ہونے تک کی کاوشیں ملک کی جمہوریت کی اصل طاقت کی عکاسی کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جناب رادھا کرشنن ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کے اصل محافظ کے طور پر لڑے۔ جناب مودی نے کہا کہ اُن کی رہنمائی میں ایوان میں مفید بحث ہوگی اور اہم فیصلوں کی رہ ہموار ہوگی۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما ملکارجن کھڑگے نے اعتماد ظاہر کیا کہ جناب رادھا کرشنن غیرجانبدار رہیں گے اور اپوزیشن کے ساتھ برسراقتدار جیسا ہی سلوک کریں گے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں نے بھی صدر نشیں کی ذمہ داری سنبھالنے پر جناب رادھا کرشنن کو مبارکباد دی۔