نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے، بھارت کے سب سے وزنی مواصلاتی سیارچے CMS-03 کو، کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے پر، بھارت کی خلائی تحقیق کی تنظیم اِسرو اور بھارتی بحریہ کو مبارکباد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں نائب صدر جمہوریہ نے، خاص طور پر ذکر کیا کہ کس طرح بھارت کا یہ طاقتور LVM3-M5 راکٹ، ایک بار پھر آسمان میں گرجا اور جی سیٹ-7R، سی ایم ایس-03 کو کامیابی کے ساتھ خلا میں لے کر گیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک میں ہی تیار کئے گئے اِس سیارچے سے، پورے بحرہند کے خطے میں، خلا پر مبنی مواصلات، کنکٹی ویٹی اور سمندر سے متعلق جانکاری حاصل کرنے میں تقویت ملے گی۔
اسی دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ خلا کا شعبہ، اب مہارت اور اختراع کا دوسرا نام ہوگیا ہے۔ انھوں نے خاص طور پر کہا کہ ملک کے خلائی سائنسدانوں کی اِن حصولیابیوں سے ملک کی ترقی میں اضافہ ہوا ہے اور بیشمار لوگ بااختیار بنے ہیں۔