جی ایس ٹی کونسل کی 56 ویں میٹنگ نئی دلّی میں ہورہی ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اس دو روزہ میٹنگ کی صدارت کررہی ہیں۔ امید ہے کہ کونسل نئے سلسلے کی GST اصلاحات پر تبادلہ خیال کرے گی۔ اِن میں ٹیکس شرحوں کو معقول بنانا اور عمل درآمد میں سہولت پیدا کرنا ہے۔
اس میٹنگ میں محکمہئ خزانہ کے وزیر مملکت پنکج چودھری، دلّی، گوا، ہریانہ، جموں وکشمیر، میگھالیہ اور اُڈیشہ کے وزراء اعلیٰ بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اروناچل پردیش، بہار، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ کے نائب وزراء اعلیٰ، منی پور کے گورنر اور کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء خزانہ بھی شرکت کررہے ہیں۔
اِدھر آندھرا پردیش کے وزیر خزانہ Payyavula Keshav نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی پارٹی GST شعبے میں بڑی اصلاحات کی حمایت کرے گی، جو مرکزی سرکار نے تجویز کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر اصلاحات سے عام آدمی اور سب سے غریب افراد کو بھی مدد ملے گی۔
جناب کیشو نے کہا کہ اِن اصلاحات سے ملک کی معیشت کو بھی وسعت حاصل ہوگی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ مہینے یوم آزادی کے اپنے خطاب کے دوران اِس بات کو اُجاگر کیا تھا کہ سامان اور خدمات ٹیکس GST سے ملک کے لوگوں کو کس طرح فائدہ ہوا ہے۔
جناب مودی نے GST کے تحت نئے سلسلے کی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا تھا، جس سے عام آدمی، کسانوں، متوسط طبقے اور MSME اداروں کو راحت ملے گی۔