نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے وزیر پرہلاد جوشی نے آج اجاگر کیا کہ 2025 میں ملک میں ماحولیات کے لیے سازگار توانائی کے شعبے نے نمایاں ترقی حاصل کی ہے، جہاں غیر روایتی ایندھن پر مبنی بجلی پیداوار کی صلاحیت بڑھ کر 266 اعشاریہ سات آٹھ گیگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر وزیر موصوف نے کہا کہ یہ اضافہ2024 کے مقابلے میں22 اعشاریہ چھ فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کے دوران 49 گیگاواٹ سے زیادہ نئی غیر روایتی توانائی کی صلاحیت شامل کی گئی۔
جناب جوشی نے مزید کہا کہ یہ ریکارڈ ترقی حکومت کی فیصلہ کُن پالیسی کی سمت، طویل مدتی نظریے اور مسلسل عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔ یہ بھارت کی توانائی کی یقینی فراہمی، ماحولیاتی ذمہ داری اور ماحولیات کے لیے سازگار خود کفیل معیشت کی جانب سفر کو مستحکم کرتی ہے، کیونکہ ملک 2030 تک غیر روایتی توانائی کی 500 گیگاواٹ صلاحیت کے قومی ہدف کی جانب رفتہ رفتہ آگے بڑھ رہا ہے۔