March 31, 2025 10:43 PM

printer

میانما نے، سات دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے کیونکہ جمعہ کے روز آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

میانما میں پچھلے ہفتے کے تباہ کُن زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جمعے کو ملک کے Mandalay علاقے میں 7 اعشاریہ 7 شدّت کے زلزلے کے کچھ ہی منٹ بعد 6 اعشاریہ 4 شدّت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اِن زلزلوں سے کئی ملکوں تھائی لینڈ، ویتنام، لاؤوس اور جنوب مغربی چین میں نقصانات ہوئے۔

میانما کی فوجی قیادت نے آج کہا کہ اِن زلزلوں کی وجہ سے ابھی تک 2 ہزار 56 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ   3 ہزار 900 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 270 افراد لاپتہ ہیں۔

اسی دوران ملک کی انتظامیہ کونسل کے چیئرمین، سینئر جنرل Min Aung Hlaing نے 7 دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران، قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔

ملک میں بچاؤ کارروائی زوروں پر ہے اور بین الاقوامی راحت کوششیں بھی جاری ہیں۔

بھارت، روس، متحدہ عرب امارات، اقوامِ متحدہ اور دیگر ملکوں نے خصوصی بچاؤ ٹیمیں اور امداد روانہ کی ہے۔ اقوامِ متحدہ نے 80 لاکھ ڈالر کی فوری اپیل کی ہے، کیونکہ امدادی گروپوں نے جنگ سے تباہ حال اس ملک میں انسانی ہمدردی کے بحران کی حالت مزید ابتر ہو جانے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

بھارت نے، امداد، بچاؤ اور راحت کام کے لیے آپریشن برہما شروع کیا ہے، جس کے تحت وہ کئی ٹن راشن، خیمے اور دوائیں فراہم کر رہا ہے۔

بھارت کی بچاؤ ٹیمیں زندہ بچ رہنے والوں کی تلاش کے کام میں مدد کر رہی ہیں، نیز وہ انسانی ہمدری کی بنیاد پر طبّی مدد اور قدرتی آفات کی صورت میں راحت فراہم کر رہی ہیں۔

میانما کے شہر ینگُون میں بھارتی سفارتخانے نے بتایا کہ مزید امداد، Mandalay اور ینگُون بھیجی جا رہی ہے۔ میانما کے موسمیات اور آبی علوم کے محکمے نے بتایا ہے کہ آج صبح تک زلزلے کے 36 جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، جن کی شدّت 2 اعشاریہ 8 سے 7 اعشاریہ 5 تک تھی۔

پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں 19 افراد کے مرنے کی خبر ہے، جبکہ بینکاک میں جن عمارتوں میں دراڑیں آئی ہیں، اُن سے ہزاروں لوگ دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں۔

تھائی لینڈ کی راجدھانی میں بچاؤ کوششیں جاری ہیں۔ یہاں 75 تعمیراتی کارکن ایک زمیں بوس عمارت کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔ شہر کے نائب گورنر نے کہا ہے کہ گھنٹوں سے دبے ہوئے اس ملبے میں لوگوں کے زندہ بچ رہنے کے آثار کم ہی ہیں۔×

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔