بھگوان شیو کو وقف پرمسرت تہوار مہاشیوراتری ملک بھر کے شیو مندروں میں آج پورے جوش وعقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ لوگ دعاؤں، منتروں اور مذہبی جذبے کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج مہاشیوراتری کے پرمسرت موقع پر اہل وطن کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سبھی شہریوں کو نیک خواہشات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی مسلسل ترقی کیلئے دعائیں کیں۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ یہ تہوار خودشناسی اور روحانی بیداری کی علامت ہے، جو شہریوں کو علم، صبر اور ہمدردی کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھگوان شیو کو وقف یہ تہوار سبھی کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت لے کر آئے۔
مدھیہ پردیش میں مہاشیوراتری کے موقع پر عقیدت مند تمام بڑے مندروں کا رُخ کررہے ہیں۔ ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ جیوترلنگ مہاکالیشور اور اوم کاریشور میں آج صبح سے ہی عقیدت مندوں کی لمبی قطاریں نظر آرہی ہیں۔×