پُشپک ایکسپریس کے کم از کم 11 مسافر اُس وقت ہلاک اور 14 دوسرے زخمی ہوگئے، جب وہ کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آگئے۔ کرناٹک ایکسپریس آج شام مہاراشٹر کے جَل گاؤں ضلعے میں پاچورا اسٹیشن کے نزدیک پاس کے ایک ٹریک سے گزر رہی تھی۔ جل گاؤں ایس پی ڈاکٹر مہیشور ریڈی کے مطابق کسی بھی زخمی مسافر کی حالت نازک نہیں ہے۔
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک ٹوئیٹ میں حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے کنبوں کیلئے پانچ لاکھ روپے کے مالی تعاون کا اعلان کیا ہے۔
وسطی ریلوے کے چیف PRO سوپنل نیلا نے کہا ہے کہ ایک الارم چین Pulling کے بعد کچھ مسافروں کے ٹرین سے اترنے کے بعد یہ حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاس کی ایک بوگی میں آگ لگنے کی افواہ کی وجہ سے چین Pulling کی گئی تھی۔