منگولیا کے صدر Khurelsukh Ukhnaa بھارت کے چار دن کے دورے پر آج نئی دلّی پہنچے۔ شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت مرلی دھر Mohol نے ہوائی اڈّے پر اُن کا استقبال کیا۔ معزز مہمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ منگولیا کے صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی بھارت آیا ہے، جس میں کابینہ وزیر، ارکانِ پارلیمنٹ، اعلیٰ عہدیدار، کاروباری رہنما اور ثقافتی نمائندے شامل ہیں۔صدر کی حیثیت سے جناب Khurelsukh کا یہ بھارت کا پہلا دورہ ہے۔
منگولیا کے صدر Khurelsukh Ukhnaa کَل وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر پہلوئوں کا جائزہ لیں گے۔ بات چیت کے بعد مختلف مفاہمت ناموں پر دستخط کئے جانے کا امکان ہے۔ منگولیا کے صدر کَل شام راشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔
بھارت اور منگولیا کے درمیان 1955 میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔ گذشتہ سات دہائیوں میں دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں قریبی اور کثیر رُخی شراکت داری قائم ہوئی ہے، جن میں دفاع اور سکیورٹی، توانائی، کانکنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت اور ثقافتی اشتراک شامل ہیں۔ بھارت اور منگولیا کلیدی شراکت دار اور روحانی ہمسایے ہیں۔ منگولیا کے صدر کا یہ دورہ کلیدی شراکت داری کو مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گا۔