ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

August 15, 2025 9:49 PM

printer

ملک نے آج 79واں یومِ آزادی جوش وخروش کے ساتھ منایا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے کی فصیل پر قوم پرچم لہرایا اور ہموطنوں کو تلقین کی کہ وہ بھارت کو خودکفیل بنائیں اور صرف سودیشی اشیاء استعمال کرنے کا عہد کریں

ملک میں آج 79واں یومِ آزادی منایا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دلّی میں تاریخی لال قلعے پر یومِ آزادی کی تقریبات کی قیادت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ لال قلعے کی فصیل سے ملک سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے ہموطنوں کو تلقین کی کہ وہ بھارت کو خودکفیل بنانے کیلئے کام کریں اور ہمارے اپنے لوگوں کی بنائی گئی صرف سودیشی اشیاء استعمال کرنے کا عہد کریں اور خودکفالت کی تعمیر کریں۔
جناب مودی نے آپریشن سندور کے بہادر سپاہیوں کو یہ کہتے ہوئے سلام پیش کیا کہ یہ آپریشن ملک کی مسلح افواج کی شجاعت اور اچوک صلاحیت کی ایک طاقتور مثال ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ سرکار نے مسلح افواج کو حکمت عملی، نشانہ اور وقت طے کرنے کی کھلی چھوٹ دی تھی۔
وزیر اعظم نے اِس بات کا تذکرہ کیا کہ ملک کے لوگوں کو اب یہ احساس ہوگیا ہے کہ دریائے سندھ سے متعلق آبی معاہدہ غیرمنصفانہ ہے۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ بھارت اب ایٹمی Blackmail کو برداشت نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت دشمن کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی خاطر ایک طاقتور اسلحہ نظام قائم کرنے کیلئے  مشن سدرشن چکر کا آغاز کرے گا۔ جناب مودی نے کہا کہ سال 2035 تک اگلے دس سال کے دوران، اِس قومی سلامتی ڈھال کو توسیع دی جائے گی، مستحکم بنایا جائے گا اور اِسے جدیدطرزپر ڈھالا جائے گا۔ وزیر اعظم نے آتم نربھر بھارت کو وکست بھارت کا ایک اہم بنیادی ستون قرار دیا۔اِس سلسلے میں انھوں نے دفاع، تکنیک، توانائی، خلاء اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں بھارت کی پیشرفت کا تذکرہ کیا۔
جناب مودی نے آپریشن سندور کو بھارت کی دفاعی خودکفالت کی مثال قرار دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کسانوں اور ماہی گیروں کے مفادات کے تحفظ کی خاطر خود ایک دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے اور بھارت اِن کسانوں اور ماہی گیروں کے مفادات پر کبھی بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم نے ملک کے نوجوانوں کیلئے تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپئے کے اخراجات کے ساتھ پی ایم وکست بھارت روزگار یوجنا کا اعلان کیا۔ اس کے تحت پرائیویٹ شعبے میں  پہلی بار روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کو 15 ہزار روپئے ماہانہ دیئے جائیں گے۔ یہ رقم اُنھیں دو قسطوں میں فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے اِس سال دیوالی تک نئے سلسلے کی GST اصلاحات لانے کا اعلان کیا، جن کا مقصد روز مرہ کے استعمال کی اشیاء پر ٹیکس کم کرنا ہے۔
جناب مودی نے نئے سلسلے کی اصلاحات کیلئے ایک مخصوص ٹاسک فورس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ ٹاسک فورس معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے، لال فیتہ شاہی میں کٹوتی کرنے، حکمرانی کو جدیدطرز پر ڈھالنے اور 2047 تک 10 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے بھارت کو تیار کرے گی۔
جناب مودی نے شمسی، ہائیڈروجن، پن بجلی اور ایٹمی پاور میں بڑی توسیع کے ساتھ ساتھ سمندری وسائل کو بروئے کار لانے کی خاطر گہرے سمندر میں تلاش کا قومی مشن شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اِس سال کے آخر تک ملک میں بنائے گئے سیمی کنڈکٹر Chips کا آغاز کرے گا۔ اِس سے اہم ٹکنالوجی شعبوں میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قوت کی عکاسی ہوتی ہے۔
وزیر اعظم نے پرائیویٹ شعبے کی شمولیت کے ساتھ ایٹمی توانائی کو توسیع دیئے جانے پر بھارت کی خاص توجہ کو اجاگر کیا اور کہا کہ سردست 10 نئے ایٹمی ری ایکٹر کام کر رہے ہیں۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی آزادی کے 100ویں سال میں ملک ایٹمی توانائی کی اپنی صلاحیت کو دس گنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے توانائی کے شعبے میں خودکفالت کو مستحکم بنایا جاسکے گا اور پائیدار ترقی کو بھی تقویت ملے گی۔
وزیر اعظم نے خلاء کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت گگن یان کی تیاری کر رہا ہے۔ انھوں نے اجاگر کیا کہ سیٹلائٹ، دریافت اور جدید طرز کی خلائی ٹکنالوجی کے شعبے میں 300 سے زیادہ اسٹارٹ اَپ ادارے سرگرمی کے ساتھ اختراعی کام انجام دے رہے ہیں اور اس طرح بھارت خلائی سائنس اور تلاش کے شعبے میں عالمی سطح پر سرکردہ رول ادا کرسکے گا۔