بھارت کی ترقی، تعلیمی رسائی اور ثقافتی تحفظ میں نشریات کے اہم رول کو اجاگر کرنے کے لیے آج ملک بھر میں نشریات کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ آج ہی کے دن 1927 میں، ملک میں پہلی مرتبہ ریڈیو کی نشریات بامبے اسٹیشن سے انڈین براڈکاسٹنگ کمپنی کے تحت شروع ہوئی تھی۔ 8 جون 1936 کو انڈین اسٹیٹ براڈکاسٹنگ سروس کا نام آل انڈیا ریڈیو (AIR) رکھا گیا اور بعد میں اس کا نام آکاشوانی رکھ دیا گیا۔ اِن برسوں کے دوران، آکاشوانی نے مختلف النوع سامعین تک اپنی وسیع رسائی کے ساتھ اپنا منفرد مقام بنایا ہے۔
آزادی کی جد و جہد کے دوران معلومات کو پھیلانے اور اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت کافی بڑھ گئی، ایسے میں ریڈیو نے ایک طاقتور آلہ کے طور پر اپنا مقام بنایا۔ آزادی کے بعد ریڈیو کا وسیلہ، خاص طور پر دیہی علاقوں میں خواندگی، صحت سے متعلق آگاہی اور زرعی معلومات کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرنے والا بن گیا۔ بعد میں 1956 میں، قومی نشریاتی ادارے کا نام آکاشوانی رکھ دیا گیا، جس کا مطلب ہے آسمان سے آواز۔ اِس کے بعد، 1957 میں وِوِدھ بھارتی سروِس کا آغاز کیا گیا۔ اِن برسوں کے دوران، آکاشوانی نے موجودہ نسل کے ساتھ اپنی مطابقت قائم رکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے ہینڈل، NewsOnAir موبائل ایپ اور پوڈ کاسٹ سیریز کے ساتھ اپنی جڑیں ڈیجیٹل دنیا میں بھی مستحکم کی ہیں۔ اِس موقع پر پرسار بھارتی کے چیئرمین نَونیت کمار سہگل نے کہا کہ آکاشوانی نے برسوں سے تعلیم، معلومات اور تفریح کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ اگلے سال آکاشوانی ملک کی آواز کے طور پر 90 سال پورے ہونے کا جشن منائے گی۔
پرسار بھارتی کے CEO گورَو دویدی نے کہا ہے کہ آکاشوانی 90 سال پرانے قومی ورثے کے طور پر اب بھی مضبوط ہے، وقت کے مطابق ڈھل رہا ہے اور سامعین کو اپنی طرف متوجہ رکھنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
اِس دوران، آکاشوانی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر پرگیہ پالیوال گوڑ نے کہا کہ جیسے جیسے ہم تاریخی سنگ میل تک پہنچ رہے ہیں، آکاشوانی نئی توانائی کے ساتھ، مطابقت رکھنے والا اور مستقبل کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی نشریات کا سفر انقلابی تبدیلی لانے والا ہے اور ملک کی تعمیر کرنے والا رہا ہے۔
Site Admin | July 23, 2025 3:23 PM
بھارت کی ترقی، تعلیمی رسائی اور ثقافتی تحفظ میں نشریات کے اہم رول کو اجاگر کرنے کے لیے آج ملک بھر میں نشریات کا قومی دن منایا جا رہا ہے