آج ملک نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو، اُن کے 156 ویں یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اِس موقع پر پورے ملک میں بہت سے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔ آج شام گاندھی اسمرتی پر ’’ سَرو دھرم پرارتھنا سَبھا‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ اِس میں نائب صدر جمہوریہ CP رادھا کرشنن، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ انھوں نے بابائے قوم کو گلہائے عقیدت بھی نذر کیے۔ اس موقع پر بھجن گانے والے معروف گلوکار انوپ جلوٹا نے، اسکول کے بہت سے بچوں کے ساتھ بھجن گائے۔
آج صبح، صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو گلہائے عقیدت نذر کیے۔ دنیا بھر سے بھی خراج عقیدت کے پیغام موصول ہوئے ہیں۔
کولمبو کے سوامی وویکانند ثقافتی مرکز میں اِس موقع پر مہاتما گاندھی کی حیات و خدمات پر تقریر پیش کی گئی۔ اپنی تقریر میں کولمبو یونیورسٹی میں Pali Studies کے ایمریٹس پروفیسر، Prof. Asanga Tillekaratne نے مہاتما گاندھی کی زندگی کے بارے میں کہا کہ یہ، گوتم بودھ کی زندگی کے متوازی ہے۔ پروفیسر Tillekaratne نے واضح کیا کہ مہاتما گاندھی انصاف اور آزادی کیلئے مصمم عزم رکھتے تھے۔ملک آج ہی سابق وزیرِ اعظم لال بہادر شاستری کا بھی یومِ پیدائش منا رہا ہے۔ شاستری جی کو اُن کے 121 ویں سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ لال بہادر شاستری، ایک غیر معمولی محب وطن تھے، جن کی دانشوری، انکساری اور عزم نے، چیلنج کے دور میں بھی ملک کو مستحکم کیا۔
Site Admin | October 2, 2025 10:07 PM
ملک آج بابائے قوم مہاتما گاندھی اور آنجہانی وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو اُن کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کر رہا ہے