December 13, 2025 9:44 PM

printer

ملک، 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کر رہا ہے

ملک نے آج 24 سال قبل 13 دسمبر 2001 کو پارلیمنٹ پر دہشت گردانہ حملے کے دوران اُس کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان گنوانے والے سکیورٹی اہلکاروں اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے صدر نشیں سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء، پیوش گوئل، جتیندر سنگھ، کرن رجیجو اور ارجن رام میگھوال نے پارلیمنٹ ہاؤس میں شہداء کو گلہائے عقیدت نذر کیے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی، کانگریس کی سینئر لیڈر اور پارلیمنٹ کے دیگر ارکان نے بھی گلہائے عقیدت نذر کیے۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ملک، اُن سورماؤں کی شجاعت، ہمت اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہے، جن کا اپنے فرائض کے تئیں پختہ عزم، بھارت کے قومی جذبے کو تحریک دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہمیشہ شہدا اور ان کے اہل خانہ کا مقروض رہے گا۔اس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے پارلیمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذارانہ پیش کرتے ہوئے بہادر سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔