مغربی بنگال میں، چناؤ فہرستوں پر جاری خصوصی تفصیلی نظرثانی SIR کے عمل کے دوران اعلیٰ انتخابی افسر CEO کے دفتر نے سبھی ضلع انتظامیہ کو ہدایات دی ہیں کہ وہ سماعت یا نظرثانی کے عمل کے دوران، نظم و ضبط کی صورتحال کسی بھی طرح بگڑنے کے معاملے میں فوری طور پر FIR درج کریں۔ ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر صورتحال کا تقاضہ ہو، تو SIR سے متعلق سماعت کو غیر معینہ مدّت کیلئے معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ ہدایات 19 جنوری کے سپریم کورٹ کے حکم کے سلسلے میں جاری کی گئی ہیں۔ سبھی ضلع انتخابی افسران کو لکھے گئے ایک خط میں CEO کے دفتر نے زور دے کر کہا ہے کہ سماعت کے مرکزوں یا متعلقہ سرکاری دفتروں میں SIR عمل میں مصروف افسران اور عملے کے خلاف توڑ پھوڑ، دھمکیوں یا حملوں کی صورت میں اس کی اطلاع، مقامی پولیس اسٹیشن کو بلاتاخیر دی جائے۔ اِن شکایات کی نقلوں کو پولیس سپرنٹنڈنٹ اور اعلیٰ انتخابی افسر کے دفتر کو بھیجا جائے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں تشدد برپا ہوتا ہے یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچتا ہے، تو SIR سے متعلق سماعتوں کو اُس وقت تک معطل رکھا جائے، جب تک اعلیٰ انتخابی افسر کی طرف سے، بحالی کی واضح طور پر منظوری نہ دے دی جائے۔ ×