مرکزی حکومت نے آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، کیرالہ اور اترا کھنڈ کی سیلاب اور مٹی کے تودے کھسکنے سے متاثرہ ریاستوں کو 1 ہزار 66 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جاری کیے جانے کو منظوری دی ہے۔
داخلی امور کی وزارت کے مطابق آسام کے لیے 375 کروڑ روپے سے زیادہ، منی پور کے لیے 29 کروڑ روپے سے زیادہ، میگھالیہ کے لیے 30 کروڑ روپے سے زیادہ، میزورم کے لیے 22 کروڑ روپے سے زیادہ، کیرالہ کے لیے 153 کروڑ روپے سے زیادہ، جبکہ اترا کھنڈ کے لیے 455 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کو منظوری دی گئی ہے۔ مذکورہ ریاستیں، جنوب مغربی مانسون کے دوران موسلادھار بارش، سیلاب اور مٹی کے تودے کھسکنے سے متاثر ہوئی ہیں۔
وزارت نے بتایا ہے کہ حکومت سیلاب، مٹی کے تودے کھسکنے اور بادل پھٹنے سے متاثرہ ریاستوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے تئیں مکمل طور پر عہد بستہ ہے۔ اِس سال مرکز نے آفات کے بندوبست سے متعلق فنڈ سے 6 ہزار 166 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم، جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی فنڈ سے 12 ریاستوں کے لیے 1 ہزار 988 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم پہلے ہی جاری کی ہے۔ اِس کے علاوہ 5 ریاستوں کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ریاستی فنڈ سے 726 کروڑ روپے سے زیادہ جاری کیے گئے ہیں۔ حکومت نے NDRF ٹیموں، فوج کی ٹیموں اور فضائی فورس کی تعیناتی سمیت سیلاب، مٹی کے تودے کھسکنے، بادل پھٹنے سے متاثرہ سبھی ریاستوں کو ہر طرح کی Logistic امداد بھی فراہم کی ہے۔ جاری مانسون سیزن کی دوران 21ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بچائو اور امدادی کارروائیوں کے لیے NDRF کی 104 ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔