سرکار نے سردار ولبھ بھائی پٹیل اور سرکردہ قبائلی شخصیت برسامنڈا کی 150ویں جینتی نیز اٹل بہاری واجپئی کی صد سالہ جینتی منانے کے لیے اعلیٰ سطح کی تین کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ ثقافت کی مرکزی وزارت کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی اِن تینوں کمیٹیوں کے چیئرمین ہوں گے۔ اِن کمیٹیوں کو ملک بھر میں یادگاری تقریبات کے منصوبے اور پروگرام تیار کرنے، نگرانی اور رہنمائی کا کام سونپا گیا ہے۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل گجرات کے Nadiad میں 31 اکتوبر 1875 میں پیدا ہوئے تھے اور ملک کی جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا۔ انھوں نے نہایت مختصر مدت میں ہی 565 رجواڑوں کو بھارتی یونین میں ضم کرنے کا کام بخوبی انجام دیا اوریہ ایک ایسا کارنامہ ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سردار پٹیل کو بھارت کے مردِ آہن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
اسی طرح برسامنڈا بھی ایک مجاہد آزادی اور سرکردہ قبائلی شخصیت تھے۔ انھوں نے برطانوی راج کے خلاف قبائلی تحریکوں کی کمان سنبھالی۔ برسا منڈا کو قبائلی طبقے بھگوان کے طور پر احترام کرتے ہیں۔ انھوں نے استحصال کرنے والے نو آبادیاتی نظام کے خلاف شدید مزاحمت کی قیادت کی۔ قبائلی سورماؤں کی عزت افزائی کے لیے 15 نومبر کو اُن کا یومِ پیدائش ایک مناسب موقع ہوگا۔
جہاں تک اٹل بہاری واجپئی کی بات ہے تو وہ ایک شاعر، ادیب اور مدبر تھے اور وہ تین مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اٹل بہاری واجپئی کی جینتی منانے کے لیے 25 دسمبر کو اچھی حکمرانی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم کی حیثیت سے اُن کے دورِ حکومت میں بھارت نے 1998 میں پوکھرن دوئم ایٹمی تجربات کیے۔ سال 2015 میں اٹل جی کو ملک کے اعلیٰ ترین سویلین اعزاز بھارت رتن سے سرفراز کیا گیا۔