مرکزی کابینہ نے بھارتی خلاء باز شُبھانشو شُکلا کے خلائی سفر کی ستائش کرتے ہوئے ایک قرار داد منظور کی ہے۔ گروپ کیپٹن شُبھانشو شُکلا کَل اپنا خلائی سفر مکمل کرکے بحفاظت زمین پر واپس آگئے، جس سے بھارت کی امنگوں کی نمائندگی ہوتی ہے۔ کابینہ میٹنگ کے بعد آج نئی دلّی میں میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے، اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ شُبھانشو شُکلا کے خلائی مشن نے، بھارت کو اپنا خود کا خلائی اسٹیشن بنانے کے اور قریب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ، خلائی تحقیق کی بھارتی تنظیم ISRO اور اُن سائنسدانوں اور انجینئروں کی ستائش کرتی ہے، جن کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں یہ حصولیابی ممکن ہوپائی۔ جناب ویشنو نے اجاگر کیا کہ شُبھانشو شُکلا نے Micro Gravity سے متعلق کئی تجربات کئے۔
جناب ویشنو نے مزید کہا کہ اِن مطالعات سے عالمی سطح پر انسانی خلائی پرواز اور Micro Gravity سائنس کی بہتر سمجھ قائم ہوسکے گی اور یہ بھارت کے آئندہ مشنوں کیلئے اہم معلومات فراہم کریں گے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ اس کامیاب مشن نے خلائی امکانات کے معاملے میں بھارت کی عالمی پوزیشن کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کے خود کے انسانی خلائی پرواز کے سلسلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں گگن یان اور بھارتیہ اَنترِکش اسٹیشن شامل ہیں۔ x