October 16, 2025 10:00 PM

printer

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ دو دنوں میں 258 نکسلیوں نے چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر میں خودسپردگی کی ہے

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ پچھلے دو دن میں 258 سخت گیر ماؤنوازوں نے تشدد کے راستے کو ترک کر دیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر موصوف نے اس بات کو اجاگر کیا کہ آج چھتیس گڑھ میں 170 ماؤنوازوں نے خود سپردگی کی، جبکہ 27 ماؤنوازوں نے کل خود سپردگی کی تھی۔ جناب شاہ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ مہاراشٹر میں کَل، 61 ماؤنواز، مرکزی دھارے میں لوٹ آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال سے جب سے BJP نے چھتیس گڑھ میں اقتدار سنبھالا ہے، ایک ہزار سے زیادہ ماؤنوازوں نے خود سپردگی کی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں تقریباً ایک ہزار 800 ماؤنوازوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 450 سے زیادہ ہلاک کیے گئے ہیں۔
وزیر موصوف نے ملک کے قانون میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ماؤنوازوں کے تشدد ترک کرنے کے اقدام کی ستائش کی ہے۔ نکسل ازم کے خلاف لڑائی میں اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ایک وقت تھا جب چھتیس گڑھ کے ابوجھ ماڑ اور شمالی بَستر، دہشت کا گڑھ ہوا کرتے تھے لیکن اب اِنھیں نکسلی دہشت سے پاک قرار دے دیا گیا ہے۔ جناب شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بھی خود سپردگی کرنا چاہتے ہیں، ان کا خیر مقدم ہے اور جو اپنے ہاتھوں میں بندوقیں تھامے رہنا چاہتے ہیں، انہیں بھارتی مسلح افواج کے قہر کو جھیلنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکسلزم اپنی آخری سانس لے رہا ہے اور یہ اگلے سال مارچ تک حکومت کی جانب سے نکسلزم کے خاتمے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔وزیر داخلہ نے اُن لوگوں سے ہتھیار ڈالنے اور مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی اپیل کی، جو ابھی تک نکسلزم کے راستے پر چل رہے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔