December 13, 2025 9:50 PM

printer

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مرکز نے چھتیس گڑھ کے بستر ڈویژن کو آئندہ پانچ سالوں میں ملک کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ قبائلی خطہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے

مرکزی وزیر داخلہ نے آج کہا کہ نکسل واد سے کسی کو بھی فائدہ نہیں ہوتا اور یہ کہ صرف امن ہی ترقی کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔ چھتیس گڑھ کے شہر جگدل پور میں Bastar اولمپکس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے 31 مارچ 2026 تک نکسل واد کو ختم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکز نے چھتیس گڑھ کے بستر ڈویژن کو آئندہ پانچ سالوں میں ملک میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ قبائلی خطہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ نکسل واد نے اِس خطے میں ترقی کو روک دیا تھا لیکن جب یہ لعنت جڑ سے ختم ہوجائے گی تو ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے اُن لوگوں سے، جو اب تک ممنوعہ مائونوازوں کے ساتھ منسلک ہیں، اپیل کی کہ وہ خود سپردگی کردیں اور معاشرے کے اصل دھارے میں شمولیت اختیار کریں۔
بستر کی بدلتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے جناب شاہ نے کہا کہ خوف کی جگہ امید نے لی ہے، اُس جگہ پر اب اسکول کی گھنٹیاں بجتی ہیں، جہاں گولیوں کی آواز گونجتی تھی، نیز سڑکیں، ریلوے اور شاہراہیں بنائی جارہی ہیں جہاں پہلے ترقی ایک بھولا بھٹکا خواب تھا۔ انھوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ جب اگلا بستر اولمپکس منعقد کیا جائے گا تو نہ صرف بستر بلکہ پورا ملک نکسل واد سے پاک ہوجائے گا۔ اس موقع پر چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ ویشنو دیو سائی، اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر رمن سنگھ، نائب وزراء اعلیٰ ارون سائو اور وجے شرما اور سابق بین الاقوامی فٹبال کھلاڑی Baichung Bhutia بھی موجود تھے۔ خودسپردگی کرنے والے نکسل وادیوں اور نکسلی تشدد سے متاثر ہونے والوں سمیت تمام 7 ضلعوں سے تقریباً تین ہزار 500 کھلاڑیوں نے اولمپکس میں حصہ لیا۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔