مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے اور اِس کیلئے سرمایہ فراہم کیے جانے کے خلاف دہشت گردی مخالف کارروائی مشن Mode میں جاری رہنی چاہئے۔ وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کے بارے میں سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ جناب امت شاہ نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر میں جلد سے جلد دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے مقصد کے حصول کیلئے سبھی وسائل دستیاب کرائے جائیں گے۔
جناب امت شاہ نے سبھی سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مستعد رہیں اور تال میل کے ساتھ کام کرتے رہیں تاکہ دفعہ 370 منسوخ کیے جانے کے بعد، جو کامیابی حاصل ہوئی ہے، وہ برقرار رہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سرکار نے جموں و کشمیر میں پائیدار امن قائم کرنے اور دہشت گردی کا پوری طرح خاتمہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
اِس میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری گووِند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر Tapan Kumar Deka اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پولیس نے شرکت کی۔ اِس میٹنگ میں مرکزی مسلح پولیس فورسز کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ افسر بھی موجود تھے۔