مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ بھارت صرف سودیشی اور سوبھاشا کے منتر کو اپنا کر ہی خود کفیل بن سکتا ہے۔ راجستھان کے جودھپور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی مصنوعات تیار کریں اور استعمال کریں اور گھروں میں اپنی مادری زبان میں گفتگو کریں۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ زبان کسی بھی سماج، ثقافت اور مذہب کے تحفظ کیلئے کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ترقی کے لیے ضرورت کے مطابق کوئی بھی زبان سیکھی یا بولی جا سکتی ہے، لیکن گھروں میں بچوں سے گفتگو کے لیے صرف مقامی زبانوں کا استعمال ہونا چاہیے، کیونکہ اس سے بچوں کا اپنی جڑوں اور تہذیبی ورثے سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔
’آتم نربھر بھارت‘ کی سمت کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب شاہ نے 2047 تک ہر شعبے میں بھارت کو ایک سرکردہ ملک بنانے کیلئے سودیشی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔