مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بھارت ایک علاقائی لیڈر سے ایک عالمی لیڈر بن گیا ہے اور دنیا بھر میں سفارتکاری، معاشیات اور سیکورٹی کے منظر نامے کو نئی سمت دے رہا ہے۔ نئی دلی میں آج 37 ویں Intelligence Bureau Centenary Endowment لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے، جناب شاہ نے کہا کہ، انٹیلی جنس بیورو کا کام کرنے کا طریقہ کار، اس کی نگرانی کرنے کی صلاحیت، فعال اور فیصلہ کُن کردار اور قربانی کے جذبے کی روایت اور اس کی لگن کی وجہ سے ہی آج ملک محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال میں انٹیلی جنس بیورو کی محتاط رہنے، تیزی سے کام کرنے اور نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت میں قابل ذکر بہتری دیکھی گئی ہے۔
جناب شاہ نے اُجاگر کیا کہ اہم بنیادی ڈھانچوں پر حملے، سائبر حملے، اطلاعات، نفسیات اور کیمیکل اور نوجوانوں کو انتہا پسند بنائے جانے جیسے خطرات ملک کیلئے سنگین چیلنجز کے طور پر اُبھرے ہیں۔ وزیر داخلہ نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ہر وقت تیار اور چوکس رہ کر ملک ان چیلنجز کا سامنا کرسکتا ہے۔X