مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج رودرپور میں ایک ہزار271 کروڑ روپئے مالیت کے اتراکھنڈ سرکار کے مختلف کاموں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ جناب امت شاہ نے رودرپور میں اتراکھنڈ سرمایہ کاری فیسٹیول 2025 میں ملک بھر سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے ساتھ گفتگو کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج اتراکھنڈ میں ایک لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ81 ہزار سے زیادہ ملازمت کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
جناب امت شاہ نے ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے صنعتی ترقی اور ماحولیات کے درمیان ایک توازن قائم رکھا ہے۔مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جناب دھامی نے پالیسیوں میں شفافیت، عملدرآمد میں رفتار اور نظریے میں دور اندیشی کے ساتھ اتراکھنڈ کی مجموعی ترقی کا خاکہ تیار کیا ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت 2027 تک دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔