مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج اپنے ایک روزہ راجستھان دورے پر جے پور پہنچیں گے۔ اپنے دورے کے دوران جناب شاہ ریاستی سطح کی نمائش کا افتتاح کریں گے، جو تین نئے فوجداری قوانین، بھارتیہ نیائے سنہیتا، بھارتیہ ناگرِک سرکشا سنہیتا اور بھارتیہ ساکشیہ ادھینیم کے نفاذ کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ چھ روزہ یہ نمائش 13 سے 18 اکتوبر تک جے پور میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں نئے قوانین کی اہم گنجائشوں اور راجستھان میں اِن کے نفاذ سے متعلق پیشرفت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ نمائش کے افتتاح کے بعد جناب شاہ عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ اس موقعے پر جناب شاہ، رائزنگ راجستھان عالمی سرمایہ کاری چوٹی کانفرنس 2024 کے تحت 4 لاکھ کروڑ روپے مالیت کے مفاہمت نامے کیے جانے سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ 9 ہزار 300 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر داخلہ، طلبا کو یونیفارم کے لیے 260 کروڑ روپے منتقل کرنے کے عمل کی شروعات کریں گے اور ڈیری مصنوعات بنانے والوں کو دودھ سبسڈی کے طور پر 364 کروڑ روپے منتقل کریں گے۔ ڈیڑھ سو یونٹ مفت بجلی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بھی اسی تقریب میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تقریب میں خواتین کی حفاظتی Patrolling کے لیے FSL گاڑیوں، اسکوٹرز اور موٹر سائیکلوں کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جائے گا۔