مرکزی حکومت کی اسکیم ”بھارت رَن بھومی درشن“ کے تحت سکّم کے ڈوکلام اور چولا علاقوں کو بھارتی سیاحوں کے لیے کھولے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈوکلام، چولا اور ناتھولا کو ریاست کے جنگی سیاحتی مقامات کے طور پر فروغ دینے کے لیے نشان زد کیا گیا ہے۔ ناتھولا پہلے سے ہی مقبول سیاحتی مقام ہے، جبکہ چولا اور ڈوکلام کو فوج اور دیگر اداروں کے ذریعے ترقی دی جا رہی ہے۔×
بھارت اور چین کی فوج کے درمیان تعطل کے 8 سال بعد ڈوکلام کو بھارت رن بھومی درشن اسکیم کے تحت سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا۔ یہ جگہ راجدھانی گنگٹوک سے 70 کلو میٹر دور تقریباً 14 ہزار فُٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ دوسری جانب، چولا کی سیاحت کی ایک تاریخ رہی ہے، جو کہ ایڈوینچر اور قدرتی نظاروں سے بھرپور ہے۔
سکّم حکومت اور فوج، ان مقامات کو سیاحتی مقامات کے طور پر فروغ دے رہی ہیں۔ یہ جگہ سیاحوں کے لیے اگلے ماہ کے آخر تک کھول دی جائے گی۔