زراعت کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان، راجستھان کے جھُنجھنو میں آج ایک تقریب کے دوران پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت 30 لاکھ سے زیادہ کسانوں میں 3 ہزار 200 کروڑ روپے سے زیادہ فصل بیمہ کے دعوؤں کی رقم تقسیم کریں گے۔ زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت نے بتایا کہ دعوؤں سے متعلق ادائیگیاں، فائدوں کی راست منتقلی، DBT کے ذریعے کسانوں کے بینک کھاتوں میں ڈیجیٹل طریقے سے سیدھے منتقل کی جائیں گی۔
تقریب کے دوران مدھیہ پردیش کے کسانوں کو ایک ہزار 156 کروڑ، راجستھان کے کسانوں کو ایک ہزار 121 کروڑ، چھتیس گڑھ کے کسانوں کو 150 کروڑ اور دیگر ریاستوں کے کسانوں کو 773 کروڑ روپے سیدھے منتقل کیے جائیں گے۔
اِس تقریب میں جھنجھنو، سیکر، جی پور، کوٹ پتلی-بہرور اور دیگر ضلعوں کے کسانوں کی شرکت کا امکان ہے۔ وہیں ملک کی دیگر ریاستوں کے لاکھوں کسان ورچوئل طریقے سے تقریب میں شامل ہوں گے۔
زراعت کی وزارت نے کہا ہے کہ سال 2016 میں اپنی شروعات کے بعد سے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا نے اب تک 78 کروڑ کسانوں کی درخواستوں پر کام کیا ہے اور ایک لاکھ 83 ہزار کروڑ روپے کے بیمہ دعوؤں کی رقم تقسیم کی ہے۔
یہ رقم، کسانوں کی جانب سے کُل 35 ہزار 964 کروڑ روپے کے Premium کے بدلے ادا کی گئی ہے۔