ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندرا رام غلام اِس مہینے کی 9 سے 16 تاریخ تک بھارت کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ یہ جناب رام غلام کا اُن کی موجودہ مدت کے دوران، پہلا بیرونِ ملک باہمی دورہ ہوگا۔ Truth سوشل پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حالیہ پوسٹ سے متعلق میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جناب جیسوال نے کہا کہ وزارت خارجہ اِس پر کوئی بیان نہیں دینا چاہتی۔ کواڈ چوٹی کانفرنس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کواڈ، بہت سے شعبوں میں مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ایک گرانقدر فورم ہے اور لیڈروں کی چوٹی کانفرنس، چار شراکت داروں کے مابین سفارتی صلاح ومشورے کے ذریعے طے کی جاتی ہے۔
بھارتیوں کے خلاف آسٹریلیا میں احتجاج سے متعلق میڈیا کے ایک سوال پر جناب جیسوال نے کہا کہ 31 اگست کو آسٹریلیا بھر میں بہت سے شہروں میں امیگرینٹ مخالف احتجاج ہوئے ہیں اور بھارتی ہائی کمشنر اور قونصلیٹ جنرلز، آسٹریلیا کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔