راجیہ سبھا کی کارروائی جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبوسورین کے احترام میں دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی ہے، جن کا آج نئی دلّی میں 81 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ آج دن میں 11 بجے جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری وَنش نے شیبوسورین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیبو سورین ایک سرکردہ اور ممتاز قبائلی رہنما تھے، جنہوں نے قبائلی طبقوں کے حقوق اور اُن کی بہبود میں اہم رول ادا کیا۔
اِدھر لوک سبھا کی کارروائی مختلف معاملات پر اپوزیشن کے شور وغل کے تناظر میں دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کی گئی ہے۔ ایوان کی کارروائی جب دن میں 11 بجے شروع ہوئی تو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سوالوں کے وقفے کی کارروائی چلانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن ارکان نے بہار میں ووٹر فہرستوں پر خصوصی تفصیلی نظرثانی کو واپس لئے جانے سمیت مختلف معاملات پر نعرے بازی شروع کردی۔ جناب برلا نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ سوالوں کے وقفے کی کارروائی چلنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم کام کاج ہے اور اپوزیشن کو اس میں حصہ لینا چاہئے۔
البتہ اپوزیشن ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا اور اس کی وجہ سے اسپیکر نے کارروائی 2 بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔
شور وغل کے دوران لیبر اور روز گار محکمے کے وزیر منسکھ مانڈویا نے سرکاری شعبے کی کمپنیوں میں روزگار سے متعلق ایک سوال کا جواب دیا۔
امید ہے کہ نوجوانوں کے اُمور اور کھیلوں کے محکمے کے وزیر منسکھ مانڈویا آج لوک سبھا میں قومی اسپورٹس Governance بِل 2025 پیش کریں گے۔ اس کا مقصد کھیلوں کی ترقی اور فروغ، کھلاڑیوں کیلئے بہبود کے اقدامات، اچھی حکمرانی کے بنیادی یکساں اُصولوں کی بنیاد پر اخلاقی طور طریقے اور اولمپک اور کھیلوں سے متعلق تحریک اور مسلمہ قانونی معیارات کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہے۔
Site Admin | August 4, 2025 2:38 PM
لوک سبھا کی کارروائی بہار میں ووٹر فہرستوں کے مسودے کو واپس لئے جانے سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن کے شور وغل کے تناظر میں دو بجے تک کیلئے ملتوی کی گئی ہے