لوک سبھا میں آج آن لائن گیمنگ کے فروغ اور ضابطے سے متعلق بل2025 کو منظور کرلیا گیا۔ اس بل کے تحت ای- اسپورٹس اور آن لائن سوشل گیمز کو فروغ دیا جائے گا۔ ساتھ ہی لوگوں کو نقصان پہنچانے والی آن لائن مَنِی گیمنگ سروسز پر پابندی عائد کی جائے گی۔ الیکٹرونکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمے کے وزیر اشونی ویشنو نے ایوان میں بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں پچھلے گیارہ برسوں میں شاندار ترقی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آن لائن گیمنگ کی وجہ سے بہت سے خاندان کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ آن لائن گیمنگ کی وجہ سے پچھلے 31 مہینوں میں خود کشی کے 32 واقعات سامنے آئے ہیں۔
حالیہ برسوں میں اطلاعات اور مواصلات سے متعلق ٹیکنالوجی میں توسیع سے تفریح کے ڈیجیٹل آلات کی نئی شکلوں کی ترقی کو فروغ ملا ہے۔ خاص طور پر آن لائن گیمنگ کے شعبے ملک کے نوجوانوں کیلئے مصروفیت کے اہم ذرائع بن کر ابھرے ہیں۔ ایک سرگرم قانونی فریم ورک کی عدم موجودگی سے آن لائن گیمنگ سیکٹر کی ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
جناب ویشنو نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ اس بل کے تین اجزاء ہیں، جن میں ای- اسپورٹس، آن لائن سوشل گیمز اور آن لائن مَنی گیمز شامل ہیں۔
اس بل کے تحت آن لائن Money گیمز کی پیشکش، انہیں آپریٹ کرنے یا ان کی سہولت فراہم کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا التزام ہے۔ آن لائن Money گیمز سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کرنے پر تین سال کی قید کی سزا اور ایک کروڑ روپے تک کا جرمانہ ادا کرنے یا پھر دونوں سزا ایک ساتھ دینے کا التزام ہے۔ غلطی کو بار بار دہرانے کی صورت میں اضافی جرمانے عائد کئے جائیں گے، جن میں تین سے پانچ سال تک کی قید کی سزا اور دو کروڑ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یہ بل عوامی مفاد میں یکساں اور قومی سطح کا قانونی ڈھانچہ تیار کرے گا۔
یہ بل Poker، Rummy اور دیگر کارڈ گیمز جیسے آن لائن ریئل Money گیمنگ Apps کی دھوکے بازی سے ملک کے نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرے گا، جو گیم کھیل کر پیسے لوٹانے کے جھوٹے وعدوں سے انہیں گمراہ کررہے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے خاندان کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس بل کا متعارف کرایا جانا ایک محفوظ اور اختراع پر مبنی دجیٹل بھارت کے تئیں حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس سے تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا، شہریوں کو تحفظ حاصل ہوگا اور قومی سلامتی کو مضبوطی ملے گی۔