ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

December 20, 2024 2:24 PM

printer

لوک سبھا نے، ایک ملک ایک انتخاب سے متعلق دو بلوں کو پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کو بھیج دیا ہے

 

”ایک ملک ایک انتخاب“ سے متعلق دو بلوں کو، پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ اِس کمیٹی میں 27 ارکان، لوک سبھا کے ہیں اور 12 ارکان راجیہ سبھا   کے ہیں۔

آج صبح جب شوروغل کے دوران ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو وزیر قانون ارجن رام میگھوال نے آئین کی 129ویں ترمیم سے متعلق بل 2024 اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے قوانین میں ترمیم کے بل 2024 کو، پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے سپرد کرنے کیلئے تحریک پیش کی۔یہ کمیٹی ایوان میں اپنی رپورٹ اگلے پارلیمنٹ اجلاس کے آخری ہفتے کے پہلے داخل کردے گی۔

یہ کمیٹی BJP رہنما PP چودھری، انوراگ سنگھ ٹھاکر اور پرشوتم روپالا، کانگریس رہنما پرینکا گاندھی اور منیش تیواری، TMC کے کلیان بنرجی، NCP -SP کے سپریا سولے اور لوک سبھا کے دیگر ارکان پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب NDA کے ارکان نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں کَل کے اُس واقعے پر احتجاج کیا جس میں BJP کے دو رہنما زخمی ہوگئے تھے۔ ارکان پارلیمنٹ نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی ہے۔ BJP رہنما انوراگ سنگھ ٹھاکر، رادھا موہن سنگھ، انل بلونی اور دیگر ارکان اِس احتجاج میں شامل تھے۔

BJP کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سینئر کانگریس رہنما راہل گاندھی کو، ناگالینڈ کے ممبر پارلیمنٹ ”پھَینگ نون کون یک“ سے اپنے مبینہ رویے پر معذرت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔BJP   ممبر پارلیمنٹ انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ  راہل گاندھی کا جو اڑیل رویہ کَل دیکھنے میں آیا وہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔

اپوزیشن پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی مرکزی   وزیر داخلہ امت شاہ کی، ڈاکٹر امبیڈکر کے بارے میں مبینہ رائے زنی پر، پارلیمنٹ ہاؤس میں احتجاج کیا۔

احتجاج کے دوران راجیہ سبھا میں اپوزیشن رہنما ملکارجن کھڑگے، کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اور آئی این ڈی آئی اے اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے زور دے کر کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی    مبینہ توہین کو ملک میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر کے بارے میں انہوں نے الزام لگایا کہ اِس سے حکومت کی مایوسی کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کَل کے واقعے کے ضمن میں راہل گاندھی کا دفاع بھی کیا جس میں بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ زخمی ہوگئے تھے۔