August 4, 2025 9:53 PM

printer

لوک سبھا میں بہار کی ووٹر فہرستوں کی نظرثانی مہم معاملے پر کارروائی میں رخنہ پڑا۔ راجیہ سبھا میں سینئر JMM لیڈر شیبو سورین کو خراج عقیدت پیش کرنےکےبعدایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی آج دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا کی کارروائی جھارکھنڈ مُکتی مورچہ کے سینئر رہنما اور موجودہ رکنِ پارلیمنٹ شیبو سورین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد ملتوی کردی گئی۔ جناب شیبو کا آج صبح نئی دلّی میں انتقال ہوگیا۔
وہیں لوک سبھا کی کارروائی بہار میں خصوصی نظر ثانی کی مہم پر اپوزیشن اراکین کے احتجاج کے بعد ملتوی کردی گئی۔ جب لوک سبھا کی کارروائی پہلی بار ملتوی ہونے کے بعد دوپہر دو بجے دوبارہ شروع ہوئی تو اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور بہار میں ووٹر فہرست کی نظرثانی مہم پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے اپوزیشن اراکین کے احتجاج پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کام کاج سے متعلق کمیٹی میں اس بات پر فیصلہ ہوگیا تھا کہ نیشنل اسپورٹس گورننس بل 2025 اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ ترمیمی بل 2025 پر ایوان میں بحث کی جائے گی۔ انہوں نے ان دونوں بلوں کو کھیلوں کے شعبے اور کھلاڑیوں کیلئے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں ہنگامہ کرنا اور ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالنا اپوزیشن کیلئے نا مناسب ہے۔
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر منسکھ مانڈویا نے کہا کہ نیشنل اسپورٹس گورننس بل 2025 بہت اہم ہے۔ Presiding افسر نے بھی ان بلوں کو یہ کہتے ہوئے اہم قرار دیا کہ بھارت 2036 کے اولمپکس کیلئے دعویداری پیش کرنے جارہا ہے۔ انہوں نے احتجاج کرنے والے ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر جائیں اور ان بلوں پر ایوان میں بحث ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ مانسون اجلاس کا یہ تیسرا ہفتہ ہے اور ایوان میں احتجاج کی وجہ سے اب تک ایک بھی بل منظور نہیں کیا گیا ہے۔ Presiding افسر نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ اسپیکر اوم برلا نے کانگریس رکنِ پارلیمنٹ آر سُدھا کے ساتھ ہوئے گلے کی چین کھینچنے کے واقعے کا بھی نوٹس لیا ہے۔
اس سے پہلے جب آج صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن اراکین نے SIR اور دیگر معاملوں پر احتجاج شروع کردیا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوال کی کارروائی چلانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن اراکین نے بہار میں خصوصی نظرِثانی مہم پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔
شور و غل کے دران محنت اور روزگار کے وزیر منسکھ مانڈویا نے سرکاری شعبے کی کمپنیوں میں روزگار سے متعلق ایک سوال کا جواب دیا۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔
راجیہ سبھا میں جب صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو سبھی ممبران نے سب سے پہلے جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی اور موجودہ MP شیبو سورین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ شیبو سورین سینئر اور سرکردہ قبائلی رہنما تھے۔ بعد میں ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنے سے پہلے ایوان میں آنجہانی رہنما کے احترام میں کچھ دیر کیلئے خاموشی اختیار کی گئی۔جھارکھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ شیبو سورین گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور دورہ پڑنے کے بعد سے گذشتہ ایک مہینے سے قومی راجدھانی کے سر گنگا رام اسپتال میں زندگی بخش نظام پر تھے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر سرکردہ شخصیات نے آزمودہ کار رہنما کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اعظم نے اسپتال جاکر آنجہانی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جناب سورین کے انتقال پر جھارکھنڈ میں بدھ کے روز تک تین دن کا سرکاری سوگ منایا جائے گا۔