بہار میں ووٹروں کی فہرست کی خصوصی نظرثانی مہم SIR کے معاملے پر آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ہی ایوانوں کی کارروائی میں رخنہ پڑا۔ لوک سبھا کی کارروائی میں دو بار رخنہ اندازی کی گئی جبکہ راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کئے جانے سے قبل ایک بار کیلئے ملتوی کی گئی۔
دوسری مرتبہ کارروائی ملتوی کئے جانے کے بعد دوپہر دو بجے جب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کو مبارکباد پیش کی کہ وہ Axiom-4 مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے بھارتی خلا باز بن گئے ہیں۔
بعد میں اسپیکر اوم برلا نے ایوان کے تمام ممبران سے زور دے کر کہا کہ خلا باز شُکلا کے خلائی سفر کے متعلق خصوصی بحث میں حصہ لیں۔ شور وغل کے دوران سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جانے والے بھارت کے پہلے خلا باز کے متعلق بحث کا آغاز کیا جس میں انھوں نے2047 تک وکست بھارت کیلئے خلائی پروگرام کے اہم رول پر توجہ کی۔ وزیر موصوف نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے اِس تاریخی مشن کے دوران، خلا باز شبھانشو شکلا کی حصولیابیوں کی ستائش کی۔ ڈاکٹر سنگھ نے2035 تک کام کاج کیلئے تیار بھارتیہ انترکش اسٹیشن قائم کئے جانے اور 2040 تک بھارتی عملے پر مشتمل چاند پر مشن بھیجے جانے کے بھارتی عزم کی توثیق کی۔
وزیر موصوف نے بحث کے دوران اپوزیشن کے ممبران پارلیمنٹ کے احتجاج پر ناخوشی کا اظہار کیا اور اُن سے زور دے کر کہا کہ وہ بحث میں حصہ لیں۔
اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ نے اپنے احتجاج کو جاری رکھا تو پریزائڈنگ آفیسر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے معطل کردی۔ اِس سے قبل کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جَن وشواس کی شقوں میں ترمیم سے متعلق بل 2025 پیش کیا جس کا مقصد خلاف ورزیوں کو ناقابل تعذیر عمل قرار دینا اور منطقی بنانے کیلئے کچھ شقوں میں ترمیم کرنا ہے تاکہ طرزِ زندگی اور کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرنے کی غرض سے بھروسے پر مبنی حکمرانی کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ ایوان نے اِس بل کو مزید جانچ پڑتال کیلئے ایک منتخبہ کمیٹی کو بھیجے جانے کی منظوری دے دی۔ کمیٹی اگلے سیشن کے پہلے دن اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل 2025 پیش کیا۔ بل کا مقصد انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ایکٹ 2017 میں مزید ترمیم کرنا ہے۔شور وغل کے دوران پریزائڈنگ آفیسر نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔
ادھر راجیہ سبھا میں پہلی بار کارروائی معطل کئے جانے کے بعد دوپہر دو بجے جب ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے نے خصوصی نظرثانی کی مہم کے معاملے کو اٹھایا۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایوان کے لیڈر جے پی نڈّا نے کہا کہ اِس مانسون اجلاس کے پہلے دن ہی سے حکومت اِس بات دوہراتی رہی ہے کہ وہ ضابطوں کے تحت کسی بھی معاملے پر بحث کیلئے تیار ہے لیکن اپوزیشن تعاون نہیں کر رہی ہے اور اپنے غیرذمے دارانہ رویے کو ظاہر کر رہی ہے۔ اپوزیشن کے ممبران پارلیمنٹ نے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔بعد میں ایوان نے قانون سازی سے متعلق اپنا کام کاج کیا اور بحث کے بعد بھارتی بندرگاہوں سے متعلق بل 2025 کو منظوری دی۔ اِس کام کاج کے بعد صدر نشیں نے دن بھر کیلئے ایوان کی کارروائی معطل کردی۔
راجیہ سبھا کی جانب سے اِس بل کی منظوری کے ساتھ ہی بھارتی بندرگاہوں سے متعلق بل 2025 کو آج پارلیمنٹ نے منظور کرلیا۔ اِس قانون کا مقصد بندرگاہوں سے متعلق قوانین کو مستحکم کرنا، بندرگاہوں کی مربوط ترقی کو فروغ دینا، کاروبار میں آسانی کی سہولت مہیا کرنا اور بھارتی سمندری سرحد کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ اِس بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی راستوں کے وزیر سربانند سونووال نے کہا کہ یہ بل بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ایک اصلاحی قدم ہے۔