August 6, 2025 10:17 PM

printer

لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی بہار میں ووٹر فہرست کی خصوصی تفصیلی نظرِثانی مہم سمیت مختلف معاملات پر شور و غل کے سبب متاثر رہی

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج بہار میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرِثانی مہم SIR سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی سے کارروائی میں رخنہ پڑا۔ ہنگامہ آرائی اور شور و غل کی وجہ سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ دوسری مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد جب لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے دوبارہ شروع ہوئی تو اپوزیشن جماعتیں ایوان کے وسط میں جمع ہوگئیں اور SIR معاملے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگیں۔ اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے کہا کہ SIR معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اِس پر ایوان میں بحث نہیں ہوسکتی۔

شور و غل اور ہنگامہ آرائی کے دوران لوک سبھا نے بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کے وزیر سربانند سونووال کی جانب سے پیش کردہ ترمیمات کے ساتھ مرچنٹ شِپنگ بل 2024 کو منطوری دے دی۔ ہنگامہ آرائی پھر بھی جاری رہی، جس کے بعد پریسائیڈنگ افسر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔

اس سے قبل، پہلی مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد لوک سبھا کی کارروائی، جب دوپہر 12 بجے دوبارہ شروع ہوئی تو مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے منی پور ریاست کا سال 2025-26 کا آمدنی اور اخراجات سے متعلق تخمینہ پیش کیا۔ محترمہ سیتارمن نے راجیہ سبھا میں اِسی طرح کا تخمینہ پیش کیا۔ راجیہ سبھا میں بھی شور و غل برپا رہا، جس کے بعد صدر نشیں کو ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔ x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔