July 18, 2025 9:54 PM

printer

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے زور دے کر کہا ہے کہ بھارت کے نوجوانوں کو 2047 تک وکست بھارت کے ہدف کے اُن کے سفر میں صحیح رہنمائی، تکنیکی مدد اور پالیسی سازی ضروری ہے۔ اِس سلسلے میں جناب برلا نے معاشرے اور ملک کی جامع ترقی میں سماجی تنظیموں کے رول پر زور دیا اور اِسے انتہائی اہم قرار دیا۔ گرو گرام میں ایک کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ نوجوان نہ صرف روزگار کے متلاشی ہیں بلکہ وہ روزگار فراہم کرنے والے بھی بن رہے ہیں۔ بھارت کی جمہوریت کی طاقت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ بھارتی جمہوریت، صرف آزادی کے بعد کا واقعہ نہیں ہے بلکہ یہ ملک کے کام کاج سے متعلق اخلاقیات، ثقافت، رویے، روحانی عقائد اور معاشرے کی اجتماعی فلاح کے ساتھ گہرائی سے منسلک ہے۔

ہائیکورٹ کے موجودہ جج، جسٹس یشونت ورما نے اُس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کی ہے جس میں نقد رقم پائے جانے کے معاملے میں تین رکنی داخلی کمیٹی نے اُن کے خلاف الزامات طے کئے ہیں۔ دائر رِٹ پٹیشن میں سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اُس وقت بھارت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی جانب سے صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کو جسٹس ورما کے خلاف بھیجے گئے مراسلے کو کالعدم قرار دیں۔ پٹیشن کے مطابق داخلی پینل نے پہلے سے سوچے سمجھے انداز میں کام کیا اور جسٹس ورما کو اپنا دفاع کرنے کیلئے واجب موقع نہیں دیا۔ یہ پٹیشن سپریم کورٹ میں ایسے وقت میں داخل کی گئی ہے جب کہا جارہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران جسٹس ورما کو ہٹانے کیلئے مواخذے کی قرارداد کی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔دلّی ہائیکورٹ کے اُس وقت کے جج، جسٹس ورما اُس وقت تنازعوں میں گھِر گئے تھے جب نئی دلّی میں واقع اُن کی رہائش گاہ کے اسٹور روم سے مبینہ طور پر بڑی مقدار میں نقد رقم پائی گئی تھی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
سب دیکھیں arrow-right

کوئی پوسٹ نہیں ملی۔