لندن جانے والا ایئر انڈیا کا ایک مسافر بردار طیارہ، جس میں دو پائلٹس اور عملے کے دس ارکان سمیت 242 لوگ سوار تھے، گجرات میں احمدآباد ہوائی اڈّے کے نزدیک میگھانی نگر علاقے میں گِر کر تباہ ہوگیا۔ مسافروں میں سے 169 بھارتی باشندے اور 53 انگلینڈ کے باشندے تھے۔ ایک شہری کنیڈا کا اور سات پرتگال کے باشندے فلائٹ نمبر A1-171 پر سوار تھے، جو احمدآباد سے لندن جارہی تھی۔ جل شکتی کے مرکزی وزیر سی آر پاٹل نے بتایا کہ حادثے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی انتقال کر گئے۔
اس حادثے میں ایک شخص زندہ بچ پایا ہے جسے ہلکی پھلکی چوٹیں آئی ہیں۔ ان کا نام وشواس کمار رمیش ہے اور یہ برطانیہ کے باشندے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے۔
شہری ہوا بازی کی وزارت نے اطلاع دی ہے کہ وزارت میں ایک کنٹرول روم بنایا گیا ہے تاکہ تفصیلات کے درمیان تال میل قائم رہے۔
یہ تفصیلات رابطہ نمبر
صفر ایک ایک – دو چار چھ – ایک صفر – آٹھ چار تین۔ اور
نو چھ پانچ – صفر تین نو – ایک آٹھ پانچ نو پر دستیاب ہیں۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت تمام متاثرین کیلئے تیزی سے ردِّعمل کا اظہار کرنے اور پورا تعاون فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ مسافروں کے سوالات اور تعاون کیلئے احمدآباد ہوائی اڈّے پر ایک مخصوص ہیلپ لائن نمبر قائم کیا گیا ہے۔
نمبر ہے:
نو ایک – نو نو – سات چار ایک – ایک ایک تین دو سات
مسافروں کیلئے ایک اور ہاٹ لائن
ایک آٹھ صفر صفر – پانچ چھ نو ایک – چار چار چار
بھی ایئر انڈیا کی طرف سے قائم کیا گیا ہے تاکہ مزید معلومات مہیا کرائی جاسکے۔
طیاروں کے حادثات کی تحقیقات سے متعلق بیورو کے ڈائریکٹر جنرل، تحقیقاتی محکمے کے ڈائریکٹر اور Go Team بھی ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد احمدآباد جارہی ہے۔
خبر ملتے ہی آگ بجھانے والی اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ 90 اہلکاروں پر مشتمل قدرتی آفات کی صورت میں بندوبست کرنے والی فورس NDRF کی ٹیموں گاندھی نگر سے جائے حادثہ پر تعینات کیا گیا ہے۔ NDRF کی تین مزید ٹیموں کو وڈوڈرہ سے روانہ کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے احمدآباد سول اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثے کی وجہ کا پتہ لگانے کیلئے فی الوقت مزید تحقیقات جاری ہے۔ جائے حادثے کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے تاکہ راحت اور امدادی کارروائی میں رخنہ نہ پڑے۔ ایئرانڈیا نے کہا ہے کہ وہ تفصیلات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔گجرات میں اس حادثے کے بعد بھارتی ریلوے احمدآباد سے دو خصوصی ریل گاڑیاں چلائے گا تاکہ مسافروں کو سہولت ہو۔
ایک ریل گاڑی ممبئی کیلئے احمدآباد سے رات بارہ بجے روانہ ہوگی جبکہ دوسری ریل گاڑی نئی دلّی کیلئے احمدآباد سے ساڑھے گیارہ بجے چلے گی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے احمدآباد میں المناک حادثے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ایک دِل دہلا دینے والا حادثہ ہے اور ان کی تمام نیک خواہشات متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔
نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے احمدآباد میں اِس افسوسناک حادثے پر انتہائی دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں جناب دھنکھڑ نے کہا کہ رنج والم کے اِس موقع پر ملک متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جہاز کے گِر کر تباہ ہونے کو ناقابل بیان دِل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ وہ اُن وزرا اور حکام کے رابطے میں ہیں جو متاثرین کو تعاون فراہم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اِس المناک گھڑی میں وہ تمام مہلوکین کے تئیں تعزیت پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ امت شاہ اور شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جائے حادثے پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو سے احمدآباد میں ایئرانڈیا کے اِس جہاز کے گِرنے کے متعلق بات چیت کی۔ جناب مودی نے اُنھیں ہدایت دی کہ وہ حادثے کے متاثرین کیلئے ہرممکن مدد فوراً فراہم کئے جانے کو یقینی بنائیں۔
جناب نائیڈو نے بتایا کہ تمام متعلقہ ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں اور تال میل پر مبنی کوششیں جاری ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اُن کی وزارت صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور اس نے شہری ہوابازی اور ایمرجنسی کی صورت میں کام کرنے والی تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیز اور تال میل پر مبنی کارروائی کریں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ اور ریاست کے وزیر داخلہ سے حادثے کے بارے میں بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کیلئے ایک گرین کوریڈور تیار کرنے کے سلسلے میں ہدایات دے دی گئیں اور اِس سلسلے میں بھی ہدایت دی گئیں کہ تمام طبی سہولیات کو ترجیحی بنیاد پر فراہم کئے جانے کو یقینی بنایا جائے۔
ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ احمدآباد میں فوجی کنٹونمنٹ میں بھارتی فوج نے اپنی عمارت کی بائونڈری والی دیوار کو توڑ کر راستہ بنا دیا ہے تاکہ جائے حادثے تک رسائی میں آسانی ہو۔ CISF نے بتایا کہ اُس کے اہلکاروں نے فوراً ہی ایمرجنسی پروٹوکولز پر عمل کیا اور وہ فوراً ہی جائے حادثے کی طرف پہنچ گئے۔CISF نے رنج و الم کی اِس گھڑی میں متاثرین اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بھارت میں واقع برطانوی ہائی کمیشن نے احمد آباد طیارہ حادثے کے پیش نظر ایک ہیلپ لائن نمبر؛
پلس چارچار، دو صفر، سات صفر صفر آٹھ، پانچ صفرصفرصفر جاری کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن نے اُن برطانوی شہریوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے یہ ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے، جو قونصلر مدد چاہتے ہیں۔
احمدآباد میں جہاز گِر کر تباہ ہونے کے واقعے میں متاثرہ افراد کیلئے دنیا بھر کے لیڈروں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پتن نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اِس المناک حادثے کے سلسلے میں ایک تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ مالدیپ کے صدر محمدمُعِذّو نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور بھارت کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی ہے۔ کنیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ اِس حادثے سے اُن کے ملک کو بیحد افسوس ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کنیڈا کے افسران اِس حادثے کے تناظر میں اپنے ہم منصب افسران کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے بھی سوشل میڈیا پر اِس المناک حادثے کے سلسلے میں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔یوروپی یونین کی صدر Ursula von der Leyen نے بھی حادثے کے سلسلے میں صدمے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ افسوس کی اِس گھڑی میں بھارت کے عوام کے ساتھ ہیں۔انگلینڈ کے وزیر Keir Starmar نے جہاز گِرنے کے اِس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کے کئی باشندوں کو لے جارہے اِس جہاز کا گِر کر تباہ ہونا انتہائی المناک ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ افسوس کی اِس گھڑی میں وہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے وزیر اعظم اینتھونی البانیز، فرانس کے صدر ایمونوئل میخوں، سنگاپور کے وزیر اعظم لارینس وانگ اور دیگر نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Site Admin | June 12, 2025 9:42 PM
لندن جانے والا ایئر انڈیا کا ایک مسافر بردار طیارہ، جس میں 242 لوگ سوار تھے، گجرات میں احمدآباد ہوائی اڈّے کے نزدیک گِر کر تباہ ہوگیا