لبنان میں نواف سلام کے وزیراعظم کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی 2022کے بعد پہلی بار مکمل طور پر حکومت قائم ہوگئی ہے۔ اس طرح سے طویل عرصے سے جاری تعطل ختم ہوگیاہے۔ صدر جوزیف عون نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کی کہ انھوں نے سابقہ نگراں حکومت کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور وزیراعظم سلام کی نئی انتظامیہ کی تقرری سے متعلق ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں۔ نئی کابینہ 24 وزراء پر مشتمل ہے۔
جناب سلام ایک تجربہ کار سفارتکار اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے سابق صدر ہیں۔ ایک تقریر میں انھوں نے کہا کہ ان کی ترجیحات میں عدالتی اصلاحات، خستہ حال معیشت کو مستحکم کرنا اور ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام لانا شامل ہے جو دہائیوں سے بحران کا شکار ہے۔
جناب سلام نے جنگ بندی کے معاہدے کی نگرانی کا بھی عہد کیا جس کی وجہ سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان نومبر کے اواخر میں تصادم کا خاتمہ ہوا تھا۔ انھوں نے اپنے اس ارادے پر بھی زور دیا کہ وہ لبنان کے تمام علاقوں سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کویقینی بنائیں گے اور جنگ کی وجہ سے تباہ ہوئے علاقوں کی تعمیر نو کی کوششوں کی قیادت کریں گے۔x