December 8, 2025 2:38 PM

printer

قومی گیت سے ملک کی تحریکِ آزادی میں جوش و ولولہ پیدا ہوا اور اِس سے مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب ملتی رہے گی : وزیر اعظم نریندر مودی

قومی گیت وندے ماترم کو 150 سال مکمل ہونے کے سلسلے میں لوک سبھا میں بحث شروع ہوگئی ہے۔ 1875 میں بنکم چندر چیٹرجی نے یہ قومی گیت تحریر کیا تھا۔

بحث کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وندے ماترم کے منتر نے پورے ملک کو قوت اور تحریک بخشی اور تحریکِ آزادی میں جوش پیدا کردیا۔ جناب مودی نے کہا کہ آج پوتر وندے ماترم کو یاد کرنا ایوان کے سبھی ارکان اور ہموطنوں کیلئے بہت فخر اور شان کی بات ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وندے ماترم کے 150 سال، عظیم باب اور شان کو پھر سے قائم کرنے کا ایک موقع ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ قومی گیت وندے ماترم کی بدولت 1947 میں ملک کو آزادی حاصل ہوئی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وندے ماترم ایک ایسی قوت ہے، جو لوگوں کو مجاہدین آزادی کے خوابوں کی تکمیل کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب وندے ماترم کے 100 سال مکمل ہوئے تو اُس وقت ایمرجنسی نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ جناب مودی نے کہا کہ ایک ایسے وقت کہ جب بڑے جوش و خروش کے ساتھ قومی گیت کا جشن منایا جانا چاہیے تھا، بھارتی آئین کا گلا گھونٹ دیا گیا اور جو لوگ حب الوطنی کی خاطر جینے مرنے کیلئے تیار تھے، انہیں سلاخوں کے پیچھے قید کردیا گیا۔