قومی راجدھانی دلی میں آج صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی جس سے دلی میں گرمی سے کافی راحت ملی اور درجہ حرارت کافی نیچے گرگیا اور ہوا کے معیار میں بھی بہتری آئی۔ لوگوں کو گرمی سے نجات ملی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح سویرے قومی راجدھانی میں 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں، جس سے ٹریفک متاثر ہوا اور بہت سے نشیبی علاقوں میں پانی بھرگیا۔
محکمہ موسمیات نے انتہائی شدید بارش کی وجہ سے آج تمل ناڈو، ساحلی کرناٹک، جنوبی اندرونی کرناٹک، کیرالہ، کونکن اور گوا میں ریڈ الرٹ جاری کیاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق توقع ہے کہ آج لکشدیپ،ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں شدید بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے آج گجرات، ودربھ، چھتیس گڑھ اور اڈیشہ کے کچھ حصوں میں جنوبی مغربی مانسون کے مزید آگے بڑھنے کیلئے سازگار حالات کی پیشگوئی کی ہے۔ اگلے دو دن کے دوران مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور بہار کے کچھ حصوں میں اسی طرح کے حالات رہیں گے۔ اسی دوران آج سے شمالی بھارت میں گرم ہواکے چلنے میں کمی آئے گی۔ محکمہ موسمیات میں آج اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان میں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔