قومی دارالحکومت دلّی اور NCR خطے میں آج شدید کُہرا چھائے رہنے کی وجہ سے متعدد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ ہوگئیں۔ آکاشوانی نیوز سے بات کرتے ہوئے دلّی ہوائی اڈّے کے ایک افسر نے کہا کہ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر حد بصارت کم ہونے کی وجہ سے تقریباً 10 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
بھارتی ریلویز کے دلّی ڈویژن نے کہا کہ دلّی کو آنے والی بہت سی ریل گاڑیاں بھی آج تاخیر کی شکار رہیں۔ ڈویژن نے کہا کہ تقریباً 20 ریل گاڑیاں 3 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کی شکار رہی ہیں۔
دلّی کابینہ نے آج آلودگی میں طویل مدّت تک کمی کرنے کی خاطر پورے دلّی میں آبی ذخائر کے احیاء کے لیے 100 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دلّی کے ماحولیات کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ دلّی کے آبی ذخائر کا احیاء آلودگی پر قابو پانے میں نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر موصوف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی راجدھانی میں GRAP-4 کے ختم ہو جانے کے بعد بھی No PUCC – No Fuel مہم جاری رہے گی۔
جناب سرسا نے کہا کہ درست اور مجاز پولوشن انڈر کنٹرول سر ٹیفکیٹ PUCC کے بغیر چلنے والی کوئی بھی گاڑی دلّی کی فضا کے خلاف جرم کے ارتکاب کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان بارہ PUCC مراکز پر فوری طور پر معائنہ بھی کیا گیا، جو معیار برقرار رکھنے میں لاپرواہ پائے گئے تھے، اور اب انہیں معطل اور بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔