کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے دوحہ میں لولو مال میں بھارت کے ادائیگیوں سے متعلق مربوط نظام UPI کا آغاز کیا جو بھارت اور قطر کے درمیان ڈیجیٹل اور اقتصادی اشتراک کے سلسلے میں ایک نیا سنگ میل ہے۔ UPI کے آغاز سے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے اور اِس کا مقصد دونوں ملکوں کے شہریوں اور کاروباریوں کو لین دین میں زیادہ آسانی فراہم کرنا ہے۔
اِس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ یہ محض ایک تکنیکی حل یا ادائیگی کا ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم نہیں ہے بلکہ اِس میں قطر اور بھارت کے درمیان تجارت میں یکسر تبدیلی کی صلاحیت موجود ہے۔UPI کا آغاز 9 سال قبل کیا گیا تھا اور یہ بھارت کی ڈیجیٹل کامیابیوں میں سے ایک ہے اور اِس کے ذریعے ملک کی تقریباً 85 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیاں ہوتی ہیں۔
کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے قطر کے اپنے ہم منصب شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی کے ساتھ ایک باہمی میٹنگ کی۔ سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ پر جناب گوئل نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے بھارت-قطر دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان کثیر رخی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
 
									 
		 
									 
									 
									 
									