امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگر چین محصولات سے متعلق اپنے جوابی اقدام کو واپس نہیں لیتا ہے تو وہ امریکہ میں درآمد ہونے والے چینی سازوسامان پر 50 فیصد کا اضافی محصول عائد کردیں گے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر ایک پوسٹ میں جناب ٹرمپ نے کہا کہ اگر چین آج امریکی سازوسامان پر اپنے 34 فیصد کے جوابی محصول کو واپس نہیں لیتا ہے تو چین کے سازوسامان پر اضافی محصول لگایا جائے گا۔
اس سے پہلے بدھ کے روز ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ”آزادی کے دن“ کے حصے کے طور پر چینی درآمدات پر 34 فیصد محصول لگائیں گے۔ ٹرمپ نے چین کے ذریعے جوابی کارروائی کرنے پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ انھوں نے متنبہ کیا تھا کہ اگرکسی ملک نے اضافی محصولات کے ساتھ امریکہ کے خلااف جوابی کارروائی کی تواسے کافی زیادہ نئے محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جواب میں چین نے دلیل دی کہ دباؤ ڈالنا اور دھمکی دینا رابطے کا صحیح طریقہ نہیں ہے۔