سری لنکا کو، سمندری طوفان Ditwah کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے۔ یہاں طوفان کے سبب مرنے والوں کی تعداد 465 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 336 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ اِس طوفان سے سبھی 25 ضلعوں میں 15 لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ عوام متاثر ہوئے ہیں۔
بڑھتے ہوئے بحران کے دوران، بھارت نے، آپریشن ساگر بندھو کے تحت انسانی ہمدردی سے متعلق امداد میں مزید اضافہ کیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دو ہزار کلو گرام سامان Mandaram Nuwara پہنچایا ہے اور 17 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ ایک اور ہیلی کاپٹر سے 24 مسافروں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ایک دیگر ہیلی کاپٹر نے 2 ہزار کلو گرام سامان اور 19 فوجیوں کو Poramadulla پہنچایا۔ بھارت کے ہائی کمشنر سنتوش جھا نے Sedawatte علاقے میں NDRF کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ یہاں ٹیمیں Kelani دریا کے پاس، Nadeegama میں گھر گھر جارہی ہیں۔
آپریشن ساگر بندھو کے تحت بھارتی فوج نے سری لنکا میں ایک خصوصی دَستہ تعینات کیا ہے۔ یہ دستہ خصوصی طبی، انجینئرنگ اہلکاروں پر مشتمل ہے، جسے سگنل آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں، تاکہ فوری اور لگاتار راحت کام جاری رکھا جاسکے۔وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ انجینئرنگ کا عملہ، لازمی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں مدد دے رہا ہے۔